بلوچستان کے علاقے رکھنی میں موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 4 افراد جاں بحق
کوئٹہ؛بلوچستان کے علاقے رکھنی میں موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز رکھنی کے علاقے میں ایک دکان کے سامنے کھڑی موٹر سائیکل میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد گل خان، میر محمد، رحیمو، عبدالعزیز موقع پر جاں بحق جبکہ اعجاز، میران شاہ، خیر محمد، اللہ بخش، خیر محمد، نظام الدین، کمال خان، حاکم بی بی، امیراں بی بی سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے متعدد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دکانوں کو نقصان پہنچاہے۔ نزدیکی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس، مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔ علاقے کو گھیرے میں لیکر نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا بم ڈسپوزل کی ٹیم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی۔