کوہلی کی سنچری کیلئے امپائر نے رولز کی دھجیاں اڑادیں
پونے: بنگلا دیش کیخلاف ویرات کوہلی کی سنچری مکمل کرانے کیلئے امپائر نے رولز کی دھجیاں اڑادیں۔
پونے کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے میچ میں امپائر رچرڈ کیٹلبرو نے کوہلی کی سنچری مکمل کرانے کیلئے واضح وائیڈ بال نہیں دی۔
ایسے میں بنگلہ دیشی بولر نسیم احمد نے 42 ویں اوور کی پہلی گیند وائیڈ کرادی لیکن امپائر نے مبینہ طور پر کوہلی کو فائدہ پہنچانے کیلئے اسے وائیڈ بال قرار نہیں دیا کیونکہ اس صورت میں اسکور لیول ہوجاتا اور کوہلی کی سنچری خطرے میں پڑسکتی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے امپائر پر ویرات کوہلی کی سنچری مکمل کرانے کیلئے قوانین سے روگردانی کا الزام لگایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اس میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دیکر ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی ہے۔ میچ میں ویرات کوہلی اپنے ون ڈے کیریئر کی 48 ویں سنچری اسکور کرکے بھارت کی طرف سے ٹاپ اسکورر رہے اور مین آف دی میچ بھی قرار پائے۔
ویرات کوہلی ون ڈے میں سب سے زیادہ 49 سنچریاں بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کرنے سے صرف ایک سنچری دور ہیں۔ روہت شرما 31 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔