سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض چیف سلیکٹر مقرر

0 394

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور: سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر اور سہیل تنویر  کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔
وہاب ریاض کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔

وہاب ریاض نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ،  91ون ڈے  میچوں اور 36ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور1200 رنز بنائے۔ وہ تین عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔

وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس ذمے داری کے لیے ان پر اعتماد کیا۔
سابق فاسٹ  بولر  کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں، ۔یہ ایک چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ اسی طرح نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ہمیں محمد حفیظ کی شکل میں اچھا ٹیم ڈائریکٹر  میسر  ہے اور ہم مل کر پاکستان کرکٹ کی کامیابی کے لیے کام کریں گے۔

وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ان کی بنیادی توجہ اس بات پر ہوگی کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہمیت دیتے ہوئے آل راؤنڈ اسکواڈز کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کی رائے جاننے کے لیے ہمیشہ دستیاب ہیں۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کے نئے سربراہ  سابق فاسٹ بولر سہیل تنویر کاکہنا ہے کہ  یہ تقرری ان کے لیے اعزاز ہے جس کے لیے وہ پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ ایک بہت اہم ذمہ داری ہے اور وہ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔

سہیل تنویر نے 2007 میں اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 2 ٹیسٹ،  62 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر130 وکٹیں حاصل کیں اور 612 رنز اسکور کیے۔وہ 2009 کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔

سہیل تنویر کا پہلا اسائنمنٹ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کا انتخاب ہوگا جو8 سے 17 دسمبرتک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا جس کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔

سہیل تنویر کا کہنا ہے کہ وہ ینگ ٹیلنٹ میں یقین رکھتے ہیں اور ان کا ارادہ ہے کہ کامیابی کے لیے گراس روٹ لیول سے انٹرنیشنل لیول تک ایک پاتھ وے تیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ذمہ داری انڈر 19 ایشیا کپ اور انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم کی تشکیل ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes
Leave A Reply

Your email address will not be published.