شاہد آفریدی چولستان میں پانی کے بحران کا شکار عوام کی مدد کیلئے سامنے آگئے
’’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن‘‘ نے چولستان میں 18 ہزار لیٹر پانی فراہم کردیا،جلد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ریسکیو 1122 ٹیمز کو ابتدائی طبی امداد کے آلات،ادویات کی فراہمی کرینگے،عوام بھی اس کار خیر میں تعاون کریں:ٹویٹر پیغام
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی چولستان میں پانی کے بحران کا شکار عوام کی مدد کے لیے سامنے آگئے۔میڈیا کے مطابق ممتاز کرکٹر نے ٹویٹ کرکے آگاہ کیا کہ ان کے فلاحی ادارے ’’شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن‘‘ نے چولستان میں 18 ہزار لیٹر پانی فراہم کردیا۔شاہد آفریدی نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ پانی کی فراہمی کے ساتھ جلد ہی چولستان میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو ابتدائی طبی امداد کے آلات اور ادویات کی فراہمی کے ذریعے مزید امداد پہنچائیں گے۔انہوں نے عوام سے بھی اس کار خیر میں تعاون کی اپیل کی ہے۔