شاہد کپور کی فلم جرسی کی ریلیز 22 اپریل تک ملتوی
ممبئی:اداکار شاہد کپور کی فلم جرسی کی ٹیم نے فلم کی ریلیز 22 اپریل تک ملتوی کرکے خود کو بڑے نقصان سے بچالیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہد کپور اور مرنل ٹھاکر کی جرسی کی ریلیز کی نئی تاریخ سامنے آئی ہے، فلم اب 14 اپریل کے بجائے 22 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فلم ریلیز کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ ساؤتھ کی 2 بڑی فلموں کے جی ایف:چیپٹر 2 اور بیسٹ کی 14 اپریل کو ریلیز کے باعث کیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ساؤتھ فلم کی ری میک جرسی جو فلم بینوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اس کی ریلیز ایک بار پھر ملتوی کردی گئی ہے۔فلم میکرز نے رات گئے بڑے بجٹ کی کے جی ایف 2 اور فلم بیسٹ سے مقابلہ ٹالنے کے لیے تاریخ بدلنے کا فیصلہ کیا تاکہ اُن کی فلم کی کمائی متاثر نہ ہو۔کے جی ایف چیپٹر 2 جس کی ایڈونس بکنگ 7 اپریل کو کھولی گئی تھی، جنوبی بھارت جیسے تمل ناڈو اور کیرالہ میں اس کے زیادہ تر شو پہلے ہی بک ہوچکے ہیں۔مداحوں کی بڑی تعداد منتظر ہے کہ کچھ اور سینما گھروں میں فلم دکھانے کی خبر سامنے آئے تو وہ اپنا شو بک کروائیں یا اسے باآسانی دیکھ سکیں۔شاہد کپور سے جب اُن کی فلم کی 14 اپریل کو دو بڑی فلموں کے ساتھ ریلیز سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم فلم ریلیز کر رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے یہی درست وقت ہے۔