جن وعدوں کی بنیاد پر نئی حکومت تشکیل دی گئی ہے انہیں پورا کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑینگے
اسلام آ باد:کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ناراض بلوچوں سے مذاکرات سمیت صوبے کے دیگر مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے جن وعدوں کی بنیاد پر نئی حکومت تشکیل دی گئی ہے انہیں پورا کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑینگے
بلوچستان کامستقبل روشن اور منزل ترقی وخوشحالی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ شاہ زین بگٹی سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا
ملاقات میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا بھی موجود تھے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر گورنر وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کے ساتھ ناراض بلوچوں سے مذاکرات کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا اور اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ناراض بلوچوں سے مذاکرات اور صوبے کے دیگر مسائل کے حل کیلئے ہماری پالیسی واضح ہے ہماری خواہش ہے کہ ہم بلوچستان کو ترقی ان منازل تک پہنچائیں جس کا ہم سب نے مل کر خواب دیکھا ہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ ایک مخلص جہد کا آغاز کیا جائے اور ہمیں یقین ہے کہ ہماری حکومت بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے بھرپور تعاون سے اس ہدف کو حاصل کرلینگے۔