ترکیہ، زلزلے کے ملبے سے گھانا کے فٹ بالر کو زندہ نکال دیا گیا
استنبول : رکیہ میں 6 فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے قیامت خیز زلزلے میں تباہ ہونے والی گیارہ منزلہ عمارت کے ملبے سے تین دن کی امدادی سرگرمیوں کے بعد گھانا کے فٹ بالر کو زندہ حالت میں نکال لیا گیا۔ترک نشریاتی ادارے کے مطابق افریقی ملک گھانا سے تعلق رکھنے والے عالمی فٹ بالر کرسچین اتسو ترکیہ میں ہونے والی فٹ بال لیگ میں شرکت کے لیے صوبہ حطائے میں موجود تھے جو زلزلے سے بری طرح متاثر ہوا۔رپورٹ کے مطابق کرسچین اتسو حطائے میں ہونے والی فٹ بال لیگ میں شامل تھے اور وہ ستمبر 2022 سے وہاں موجود تھے۔کرسچین اتسو حطائے سپور نامی ٹیم کے کھلاڑی ہیں جب کہ وہ گھانا کی نیشنل ٹیم میں بھی کھیلتے رہے ہیں۔زلزلے سے قبل ہونے والی فٹ بال لیگ کے میچ میں کرسچین اتسو نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا، جس وجہ سے وہ زلزلے کی شب رات دیر گئے تک اپنے کمرے میں دوستوں کے ہمراہ لوڈو گیم کھیلتے رہے تھے۔ابتدائی طور پر ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ کرسچین اتسو بھی ہلاک زدگان میں شامل ہیں، تاہم جلد ہی یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ انہیں زندہ حالت میں نکال لیا گیا لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو رہی تھی۔تاہم 8 فروری کو گھانا کے حکام سمیت ترک حکام اور فٹ بالر کے ترجمان نے کرسچین اتسو کو زندہ حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کی۔اسی حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بتایا کہ کرسچین اتسو گیارہ منزلہ عمارت کی نویں منزل پر مقیم تھے اور مذکورہ عمارت زلزلے میں مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔